شیخ رشید کا بھوک ہڑتال کا اعلان
اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پہنچا دیا گیا۔تفتیشی افسر نےاسلام آباد کی مقامی عدالت میں مقدمہ کا ریکارڈ جمع کروادیا۔پولیس کی جانب سے شیخ رشید کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی گئی۔شیخ رشید نے عدالت پیشی پر بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے رات کو سونے نہیں دیا،بھوک ہڑتال کرنے جا رہا ہوں۔
اس سے قبل شیخ رشید کو میڈیکل چیک اپ کیلئے پولی کلینک ہسپتال لایا گیا جہاں نے کچھ ٹیسٹ کیے گئے،انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری رات کا جاگا ہوا ہوں،امپورٹڈ حکومت کو ختم کر کے ہی رہیں گے۔ شیخ رشید نے الزام لگایا کہ یہ میری گھڑیاں اور پیسے لے گئے ہیں،میرے ملازموں پر تشدد کیا گیا ہے۔
ساری قوم اس وقت عمران خان کیساتھ کھڑی ہے،جس حکومت نے بھی مجھے گرفتار کیا وہ چلی گئی،اسی ماہ ملک کی سیاست کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کا شیخ رشید کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی گرفتاری سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے،15 کلو ہیروئن نہیں ڈالی گئی۔ صرف قانون پر عمل ہوا ہے، پسلیاں تو نہیں تڑوائیں ؟ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کرنا پولیس کا قانونی فرض ہے،قانون کے سامنے سب برابر ہیں،قانون توڑنے پر جواب تو دینا پڑے گا۔