شاہد خاقان عباسی کا مریم نواز کو لیڈر ماننے سے صاف انکار
اسلام آباد :سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کو لیڈر ماننے سے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ میرے لیڈر نوازشریف ہیں، پارٹی صدر شہباز شریف ہیں،مریم نواز لیڈر نہیں۔شاہد خاقان نے مزید کہا کہ میں وقت آنے پر آئندہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کروں گا، اگر میں نے الیکشن لڑا تو ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔
ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملا تو پھر میں الیکشن ہی نہیں لڑوں گا۔جماعت کے پرانے ترین لوگوں میں سے ہوں، بہت سے مراحل آئے لیکن میں جماعت کے ساتھ ہی رہا۔اس جماعت سے اپنے گھر ہی جا سکتے ہیں،کوئی اور ہمارا گھر نہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز میری لیڈر نہیں اور نہ ہی مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ وہ پارٹی لیڈر ہیں۔اگر مریم نواز کل پارٹی صدارت کی پوزیشن پر آتی ہیں تو پھر میرا فیصلہ ہوگا کہ میں جماعت میں آگے چل سکتا ہوں یا نہیں چل سکتا اور سیاست کرنی ہے یا نہیں کرنی۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے اس قسم کی افواہیں گردش ہیں کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ہم خیال سیاستدان اپنی علیحدہ پارٹی بنانے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کا سرکس جاری ہے لیکن اس وقت نیب کے احتساب کی ضرورت ہے، فواد حسن فواد کے خلاف بھی جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو حساب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک نیب کو ختم نہیں کریں گے حکومت نہیں چلے گی، جاوید اقبال رو رو کرکہتے ہیں مجھ سے حکومت کراتی تھی، نیب کو سیاست دانوں کو توڑنے کے لیے استعمال کریں گے تو قیمت عوام ادا کریں گے، جاوید اقبال یہ بتائیں ان سے کس نے مقدمات درج کروائے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے احتساب کے تین مشیر رکھے تھے لیکن کہتا تھا میں نہیں کرتا مجھ سےجنرل باجوہ کراتے تھے اور جنرل باجوہ کہتے ہیں مجھے پتا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں مسلم لیگ میں ہوں کہیں نہیں جارہا، میاں صاحب علاج کراکر آئیں گے۔