حمل کے دوران خواتین سورج کی روشنی میں نہ بیٹھیں تو بچے کی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے؟ وہ انتہائی خطرناک بات جو ہر پاکستانی ماں کو معلوم ہونی چاہیے
ایڈنبرا: سورج کی روشنی کے انسانی صحت کے لیے فوائد سبھی جانتے ہیں اور اب سائنسدانوں نے ماﺅں کے پیٹ میں پرورش پانے والے بچوں کے لیے بھی اس کے حیران کن فائدے بتا دیئے ہیں اور جو حاملہ خواتین سورج کی روشنی میں نہیں بیٹھتیں انہیں سنگین وارننگ دے دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سکاٹ لینڈ کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ ہم لوگوں کی طرح ماں کے پیٹ میں پرورش پاتے بچوں کی نشوونما کے لیے بھی سورج کی روشنی ازحد ضروری ہے اور جو حاملہ خواتین سورج کی روشنی میں نہیں بیٹھتیں ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کو ڈسلیکسیا (Dyslexia)، آٹزم یا اے ڈی ایچ ڈی کی بیماری لاحق ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔گلاسگو یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 4لاکھ نوجوانوں پر تجربات کیے جن کی پیدائش سال کے مختلف مہینوں میں ہوئی تھی۔ ان میں سے 21فیصد نوجوان مذکورہ بیماریوں کا شکار تھے اور ان میں سیکھنے سمجھنے کی صلاحیت کا فقدان تھا۔ ان مریض بچوں میں واضح اکثریت کی پیدائش گرمیوں کے مہینوں میں ہوئی تھی جب خواتین دھوپ سے بچتی ہیں۔ ان کے برعکس سردیوں کے مہینوں میں پیدا ہونے والے بچوں میں ان بیماریوں کی شرح انتہائی کم تھی۔ سائنسدانوں نے اس کا ذمہ دار سورج کی روشنی نہ ملنے کو قرار دیا۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر جل پیل کا کہنا تھا کہ جب خواتین سورج کی روشنی سے بچتی ہیں تو وہ وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہو جاتی ہے اور جب ان کے جسم میں وٹامن ڈی کم ہوتا ہے تو ان کے پیٹ میں پلنے والے بچے کی نشوونما اس سے متاثر ہوتی ہے اور وہ مذکودہ ذہنی و نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔