آج حقیقی آزادی کیلئے جیل بھرو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں،عمران خان
لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آج حقیقی آزادی کیلئے جیل بھرو مہم کا آغاز کر رہے ہیں،جیل بھرو تحریک کی دو اہم وجوہات ہیں،ایک بنیادی حقوق پر حملے کیخلاف پرامن اور تشدد کے بغیر احتجاج ہے۔جعلی ایف آئی آرز،نیب کیسز،حراست میں تشدد،صحافیوں اور سوشل میڈیا حملوں کا سامنا ہے۔ عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری تحریک کی دوسری وجہ بدمعاشوں کی جانب سے لائی گئی معاشی بدحالی کیخلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے اربوں روپے کی لوٹی ہوئی دولت کی منی لانڈرنگ کی اور عوام کو کچلتے ہوئے این آر او لیے،غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے بوجھ تلے دبایا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج سے غیر معمولی اور منفرد تحریک کا آغاز ہو رہا ہے،لاہور آج آئین کی بحالی،انسانی اور معاشی حقوق کیلئے میزبان بنے گا۔