عمران خان کا ٹکٹوں کے اجرا کے آغاز کا فیصلہ
لاہور : پنجاب اور خیبر پختو نخوا کا انتخابی محاذ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی ٹکٹوں کے اجرا کے آغاز کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اور خیبر پختو نخوا کے انتخابات کے تناظر میں سابق وزیراعظم عمران خان نے شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز کریں گے،آج خیبر پختو نخوا اور پنجاب کے امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔
تین،تین امیدواروں کے عمران خان خود انٹرویوز خود کریں گے،عمران خان انٹرویوز کے بعد مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ٹکٹوں کی حتمی منظوری دیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختو نخوا کے انتخابات کے تناظر میں عمران خان نے پنجاب اور کے پی میں انتخابی امیدواروں کو فائنل کرنے کا فیصلہ کیا۔
عمران خان سے ٹکٹوں کی تقسیم پر تمام ڈویژنز کے کوآرڈی نیٹرز نے ملاقاتیں کیں۔
تمام ڈویژن کے کوآرڈی نیٹرز سے امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں وصول ہوئیں،عمران خان سے ویسٹ پنجاب ریجن کے پارلیمانی بورڈ نے ملاقات کی،فیصل آباد اور ساہیوال کے صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی ابتدائی فہرستوں سے آگاہ کیا گیا۔ سابق وزیراعظم سے نارتھ پنجاب کے کوآرڈی نیٹرز ملاقات کی۔ بتایا گیا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز عمران خان کریں گے،ابتدائی فہرستیں مرکزی پارلیمانی بورڈ میں پیش کی جائیں گی،مرکزی پارلیمانی بورڈ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم پر حتمی فیصلہ کرے گا۔