4 ممبرز نے خود کو الگ کرلیا‘ باقی بینچ مقدمہ سنتا رہے گا، چیف جسٹس
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال نے کہا کہ 4 ممبرز نے خود کو الگ کرلیا ہے تاہم باقی بینچ مقدمہ سنتا رہے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا، اس حوالے سے سپریم کورٹ نے 23 فروری کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا، جس میں 4 ججز نے نئے بینچ کی تشکیل پر رائے دی، جن میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس یحیی آفریدی شامل ہیں، ان ججز کی رائے پر نیا بینچ تشکیل دینے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھیجا گیا۔
اس سلسلے میں ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال نے کہا کہ بینچ کے 4 ممبرز نے خود کو بینچ سے الگ کر لیا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن، مظاہر نقوی، اطہر من اللہ اور یحیی آفریدی بینچ سے الگ ہو گئے تاہم عدالت کا باقی بینچ مقدمہ سنتا رہے گا، آئین کی تشریح کیلئے عدالت سماعت جاری رکھے گی، آئین کیا کہتا ہے اس کا دارومدار تشریح پر ہے، کل ساڑھے 9 بجے سماعت شروع کرکے ختم کرنے کی کوشش کریں گے، کل ہر صورت مقدمہ کو مکمل کرنا ہے۔