پاکستانی عوام اپنے سیاسی فیصلے خود کرے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے سیاسی فیصلے خود کریں،امریکہ صرف پاکستانی جمہوریت اور آئینی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو معاشی مسائل اور عوام کو ریکارڈ مہنگائی کا سامنا ہے،پاکستان کو پرامن،مستحکم اور خوشحال دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان کو مستحکم اور دیرپا معاشی راستے پر گامزن کرنے کے خواہش مند ہیں،پاکستان میں کاروباری ماحول بہتر ہونے کے لیے اصلاحات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنے سے پاکستان کو معیاری سرمایہ کاری کے حصول میں مدد ملے گی۔
انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے حل کیلئے سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعمیری بات چیت کی حمایت کرتے ہیں،ثالثی کا فیصلہ پاکستان اور بھارت نے خود کرنا ہے۔
دونوں ملک امریکی کردار پر اتفاق کرتے ہیں تو اس کیلئے تیار ہیں،پاکستان اور بھارت میں بامعنی مذاکرات کی حمایت کیلئے بھی تیار ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے لیکن آئی ایم ایف فنڈنگ کی راہ کھولنے کے لیے بالاآخر پاکستان کو ہی فیصلے کرنا ہوں گے۔ نیڈ پرائس نے کہا اصلاحات لانے سے پاکستانی کاروبار مزید مسابقتی ہو جائیں گے اور پاکستان کو بہتر سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی،جب کہ ضروری اقتصادی فیصلوں سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے،عالمی اداروں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں۔