انتہائی شدت کا زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان زیادہ تباہی سے بچ گیا
لاہور:انتہائی شدت کا زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان زیادہ تباہی سے بچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں بتایا گیا کہ منگل کی شب کو پاکستان میں شدید زلزلہ آنے کے باوجود ملک میں بڑی تباہی ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ بتایا گیا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی، زیادہ گہرائی ہونے کی وجہ سے شدید زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔
2005 کے زلزلے میں گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی، اسی لیے بڑے پیمانے پر تباہی مچی تھی، جبکہ ترکی میں حالیہ زلزلے کے دوران بھی گہرائی صرف 17 کلومیٹر تھی، اسی لیے وہاں زیادہ تباہی ہوئی۔ بتایا گیا کہ زیر زمین زلزلے کی گہرائی کم ہو تو اسی صورت میں زیادہ تباہی ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
جبکہ شدید زلزلے کے باعث خیبرپختوںخواہ کے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔
گھروں کی دیواریں گرنے، مکانات تباہ ہونے سے ایک خاتون جاں بحق، درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے 5 اضلاع سے مکانات تباہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جبکہ زلزلے کے باعث کوہستان میں لینڈ سلائڈنگ بھی ہوئی، جس سے شاہراہ قراقرم بلاک ہو گئی۔ دوسری جانب ملک میں منگل کی شب کو آنے والے شدید زلزلے کے 1 گھنٹے بعد وفاقی دارالحکومت میں دوبارہ زلزلہ محسوس کیا گیا۔