یورپی یونین نے پاکستان کو بلند خدشات ممالک کی فہرست سے خارج کردیا
اسلام آباد : یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو بلند خدشات ممالک کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو بلند خدشات ممالک کی فہرست سے خارج کیے جانے کے بعد پاکستانیوں پریورپ کے قانونی اور معاشی آپریٹرکی اضافی شرائط لاگو نہیں ہونگی۔ بلند خدشات فہرست اینٹی منی لانڈرنگ کے خراب نظام کی نشاندہی کرتی ہے اور بلند خدشات فہرست دہشت گرد فنانسنگ روکنے کے خراب انتظام کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کے لیے مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ سے نکال دیا تھا۔
یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کے 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں منعقد ہونے والے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کیا گیا تھا۔ فیٹف کے صدر ٹی راجہ کمار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے 35 سفارشات پر بہتر انداز میں عمل کیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔