پنجاب الیکشن، انٹیلیجنس ایجنسیوں کے سربراہان کی چیف جسٹس سے ملاقات
اسلام آباد : پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کے لیے سیکیورٹی کی فراہمی کے معاملے پر انٹیلیجنس ایجنسیوں کے سربراہان نے چیف جسٹس سمیت دیگر ججز سے ملاقات کی۔جیو نیوز کی رپورٹ چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر ججز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان کے درمیان ملاقات میں ڈی جی ملٹری آپریشنز اورسیکرٹری دفاع بھی شامل تھے۔
گذشتہ روز ہونے والی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں 3 گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی موجود تھے جب کہ اس ملاقات میں ملکی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ سپریم کورٹ میں منگل 18 اپریل کووزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی طرف سے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا بابت عدالتی حکم پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جانی ہے ۔
یہاں واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے الیکشن کمیشن کو21 ارب دینے کا مطالبہ مسترد کردیا تھا۔سپریم کورٹ کے حکم پر اسٹیٹ بینک کا الیکشن کمیشن کو 21 ارب جاری کرنے کا معاملہ، قائمہ کمیٹی خزانہ نے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی، جس پر قومی اسمبلی نے رپورٹ منظور کرلی ہے، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے رپورٹ منظور کرنے کی تحریک پیش کی۔