خاتون نے غلطی سے کسی اور کے بچے کو جنم دے دیا
نیویارک:جدید طبی سائنس ایسے اعجاز دکھا رہی ہے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ آئی وی ایف کے ذریعے بچے کی پیدائش بھی طبی سائنس کا ایک ایسا ہی کمال ہے تاہم طبی سائنس کی جدت کے باعث ڈاکٹروں سے غلطیاں بھی کچھ ایسی حیران کن سرزد ہورہی ہیں کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ اب امریکی شہر نیویارک کی اس خاتون ہی کی مثال لے لیں جس نے ڈاکٹروں کی غلطی کی وجہ سے کسی اور کے بچے کو جنم دے دیا ہے۔ اس ایشیائی خاتون کو بچے کی پیدائش میں دشواری کا سامنا تھا، جس اس نے اور اس کے شوہر نے آئی وی ایف کے ذریعے بچہ پیدا کرنے کا فیصلہ کیا۔
میاں بیوی ایک کلینک میں گئے جہاں ان کے سپرمزاور بیضے ڈاکٹروں نے حاصل کر لیے اور اس سے ایمبریو پیدا کیا گیا، تاہم جب اس ایمبریو کو آپریشن کے ذریعے ماں کے پیٹ میں رکھنے کی باری آئی تو ڈاکٹروں سے غلطی ہو گئی۔ انہوں نے غلطی سے کسی اور جوڑے کا ایمبریو اس ایشیائی خاتون کے جسم میں رکھ دیا۔ یہ ایمبریو کسی گورے جوڑے کا تھا۔ جب بچہ پیدا ہوا تو سفید فام بچے کو دیکھ کر ایشیائی ماں باپ دنگ رہ گئے۔ انہوں نے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا تو پتا چلا کہ وہ ان کا بچہ تھا ہی نہیں۔ اب اس جوڑے نے پروسیجر کرنے والے کلینک کے خلاف مقدمہ دائر کروا رکھا ہے۔