ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا،16 روپے سستا ہو گیا
کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا،ڈالر 16 روپے سستا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 16 روپے کم ہو گئی،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ جبکہ اوپن مارکیٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 12 پیسہ اضافہ سے 285.35 روپے سے بڑھ کر285.47 روپے کی سطح پر آ گئی تھی،اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر1 روپے کم ہو کر311 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ 14 ماہ میں ڈالر 100 روپے سے زائد مہنگا ہوا،قرض لینے کی شرح دگنی ہو گئی،رجیم چینج کے بعد سے افراط زر کی شرح 3 گنا بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی 14 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں 100روپے سے زیادہ نیچے گری،پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے،جب سے ہم نے حکومت چھوڑی ہے قرض لینے کی شرح دگنی ہو گئی۔ جبکہ سابق چئیرمین ایف بی آر اور ماہر معیشت ڈاکٹر شبر زیدی نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے پاس 2028 تک قرضے واپس کرنے کے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ماہرین بھی لا کر بٹھا دیں تو پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے نہیں بچا سکتے،ملک 2024 میں ڈیفالٹ کر جائے گا۔