نیب کو مکمل طور پر غیر سیاسی بنا کر دم لیں گے،چیئرمین نیب
لاہور :چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا،نیب کی ساکھ بحال کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کو مکمل طور پر غیر سیاسی بنا کر دم لیں گے،ہم نے جرم کا خاتمہ کرنا ہے ملزم کا نہیں۔
سزا دینا یا ریلیف دینا عدلیہ کا کام ہے،بدعنوانی کے خاتمے میں ہمارا کوئی فیورٹ اور دشمن نہیں ہے۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران کم سے کم وقت میں کسیز نمٹائیں،کرپشن کیسز میں بالواسطہ اور بلاواسطہ ریکوریز ہو رہی ہیں۔ہمیں اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کا ادراک ہے،ہم عوام کا اعتماد بحال کریں گے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ قوم نے جو ذمہ داری دی ہے اسے بخوبی نبھائیں گے،متاثرین کی مدد کیلئے نئی پالیسی بنا رہے ہیں۔
دھوکہ دہی کے متاثرین کی رائے مدِ نظر رکھ کر آئندہ کی پالیسی مرتب کی جائے گی۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے بتایا کہ متاثرین کے ساتھ نیب عملہ بیٹھ کر مشاورت سے مسائل کا حل بتائے گا،نیب کو کھویا ہوا مقام واپس دلوانے کا وعدہ کرتے ہیں،کم لوگ ہیں جن کی وجہ سے ہماری نیک نامی پر دھبہ لگتا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب عرفان قادر کا کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس 1999 کے تحت فوج کے حاضر سروس افسران کے علاوہ کسی کو استثنٰی حاصل نہیں اور کوئی مقد س گائے نہیں ہے۔