پاکستان کی مشکلات کا حل نواز شریف کے پاس ہے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد : مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان چار سال تک پاکستان پر مسلط رہا،پاکستان کی مشکلات کا حل نواز شریف کے پاس ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کو 10 سال مکمل ہو گئے،سی پیک نواز شریف کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ نواز شریف نے پاکستانی عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا لیکن 2013 میں پی ٹی آئی نے ملک میں عدم استحکام کی بنیاد رکھی۔
کچھ سازشی عناصر نے نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کیا،یہ ڈی چوک میں کھڑے ہو کر ملک کو جلانے کی باتیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث توانائی سمیت کئی بحران پیدا ہوئے،عمران خان نے سول نافرمانی تحریک کی کال دی،جبکہ کچھ کرداروں نے ملک کو مہنگائی کے حوالے کیا۔
نواز شریف نے صوبوں میں کامیاب جماعتوں کو حکومت بنانے کا موقع دیا،سابق وزیراعظم نے معیشت مضبوط کر کے ملک کو خود مختار کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2017 تک ملک میں ہزاروں میگاواٹ بجلی بنائی گئی،جبکہ ہمارے گزشتہ دور میں مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی۔ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ اور معیشت کو مستحکم کیا گیا،نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے بڑے پیمانے پر سازش کی گئی۔ قائد مسلم لیگ ن کو ہٹایا گیا تو میٹرو جلائی گئی اور نہ ہی شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کیخلاف دشمنی کرنے والے کرداروں کو عبرت کا نشان بنانا چاہیے،چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں نفرت کی آگ لگائی۔ آج ایم ایف پروگرام رونا پیٹنا ڈالا ہوا ہے،نواز شریف واحد وزیراعظم تھا جس نے آئی ایم ایف کو الوداع کہا تھا،ہم نے نعرے نہیں لگائے،معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا تھا۔