بلاول بھٹو زرداری کا جمعرات کومہنگائی کے خلاف دھرنے کا اعلان
سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو مہنگائی کے خلاف دھرنے کا اعلان کیا ہے۔
سکھر میں خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کا ہر وعدہ اور ہر دعوی جھوٹا نکلا، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ جھوٹ نکلا،عوام دشمن بجٹ میں ایک نوکری بھی نہیں، عوام دشمن بجٹ میں ایک گھر بھی نہیں، پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ بھی جھوٹا نکلا۔ بجٹ میں کرپٹ کو کھلی چھوٹ دینا اور قربانی کے جانور تک کا منی ٹریل مانگنا کون سا نظام ہے؟۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک ہمارے جمہوری وآئینی حقوق محفوظ نہیں ہوں گے، معاشی حقوق بھی محفوظ نہیں ہوسکتے، آصف زرداری نے عالمی معاشی بحران کے باوجود پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیا، اگر پاکستان پیپلزپارٹی سے سیاسی لڑائی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ پورے صوبے کو ٹارگٹ کیا جائے، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، جمعرات کو سکھر میں مہنگائی کے خلاف دھرنا دیا جائے گا اور سکھر سے پنجاب بارڈر تک ریلی نکالی جائے گی۔