پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور :” پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی تفصیلات سامنے آ گئیں، یکم ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 12 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے اضافے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں تاریخی مہنگائی اور ناقابل برداشت، بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے پریشان عوام پر آئندہ چند روز کے دوران مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
یکم ستمبر سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی یکم ستمبر سے 15 ستمبر تک کیلئے پٹرول کی قیمت میں 12روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 14.83 روپے فی لٹر اضافہ تجویز کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے اور پاکستان میں روپے کی قدر میں مزید گراوٹ کی وجہ سے 31 اگست کو پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا قوی امکان ہے۔
جبکہ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے بھی پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کا فیصلہ متوقع ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 24 اگست سے مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ بینچ مارک برینٹ خام تیل 16 اگست کو 82 ڈالر کے مقابلے میں 84 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہورہا تھا۔ جبکہ عرب لائٹ کا خام تیل جو پاکستان استعمال کرتا ہے، وہ 88 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔