بجلی مزید مہنگی ہو گی
لاہور(ایم این پی) بجلی مزید مہنگی ہو گی، عوام پر 33 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین پر 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 1 روپے 83 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی ہے۔ نیپرا اتھارٹی 27 ستمبر کو درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔ اگست میں 15 ارب 47کروڑ 20 لاکھ یونٹس بجلی کمپنیوں کو فراہم کئےگئے۔ سی پی پی اے کے مطابق اگست میں مہنگے فرنس آئل سے 4.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی فرنس آئل سے بجلی کی لاگت33 روپے 32پیسےفی یونٹ رہی۔
گیس سے 7.60 فیصد درآمدی ایل این جی سے17.17فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اگست میں کوئلے سے 10.26 درآمدی کوئلے سے 4.51 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اگست میں جوہری ایندھن سے12.79 فیصدبجلی پیدا ہوئی۔ اسی ماہ میں بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے47 پیسے فی یونٹ رہی۔ اگست کےلئے بجلی کی ریفرنس لاگت 6 روپے 64 پیسے مقرر تھی۔ دوسری جانب کراچی کے بجلی صارفین کو بھی 440 وولٹ کا تگڑا جھٹکا دیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی مہنگی ہو جانے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کے باوجود کراچی والوں کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 10 روپے سے زائد بڑھائی جا سکتی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا کو درخواست دی گئی کہ کراچی کے بجلی صارفین کیلئے بجلی 10 روپے 32 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کر دی جائے۔ درخواست موصول ہونے کے بعد نیپرا کی جانب سے اس معاملے کا سماعت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔