عمران ریاض کی بازیابی میں نواز شریف نے مرکزی کردار ادا کیا

عمران ریاض کی بازیابی میں نواز شریف نے مرکزی کردار ادا کیا

لاہور : سینئر صحافی جاوید چوہدری نے دعوی کیا ہے کہ عمران ریاض کی بازیابی میں نواز شریف نے مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اسٹیبلشمنٹ اور انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جس کے بعد رہائی ممکن ہوئی۔ یوٹیوب چینل پر اپنے وی لاگ میں سینئر صحافی جاوید چوہدری نے کہا کہ میں نے اور ایک دوسرے صحافی نے نواز شریف سے درخواست کی تھی کہ وہ عمران ریاض کی بازیابی میں کردار ادا کریں جس پر نواز شریف نے اسٹیبلشمنٹ اور انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جس کے بعد عمران ریاض کی رہائی ممکن ہوئی۔
جاوید چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی اپنے وی لاگ میں یہ خبر دے چکے تھے کہ نواز شریف عمران ریاض خان کی بازیابی کے لیے سفارش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف یہ جانتے ہیں کہ عمران ریاض شریف خاندان سے متعلق کیا رائے رکھتے ہیں، اس کے باوجود انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عمران ریاض کی بازیابی کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے بات کی۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ پولیس نے آج صبح دعویٰ کیا کہ معروف صحافی اور ٹی وی اینکر عمران ریاض خان محفوظ طریقے سے اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔عمران ریاض گزشتہ چار ماہ سے بھی زائد عرصے سے لاپتہ تھے اور ان کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں ایک کیس چل رہا تھا۔عمران ریاض کو نو مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دو دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد انہیں آخری بار تھانہ کینٹ اور بعد ازاں سیالکوٹ جیل لے جایا گیا تھا۔ پھر اس کے بعد 15 مئی کو ایک لاء افسر نے لاہور ہائی کورٹ کو یہ بتایا تھا کہ صحافی عمران ریاض کو تحریری حلف نامے کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا۔ تاہم گرفتاری کے بعد سے وہ کبھی گھر واپس نہیں آئے اور ان کا کچھ پتہ بھی نہیں تھا کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے