پالیسی ریٹ بڑھنے سے ملکی قرضوں میں 600 ارب روپے اضافے کا انکشاف
اسلام آباد : پالیسی ریٹ بڑھنے سے قرضوں میں 600 ارب روپے اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارتِ خزانہ کے حکام اور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں 100 بیسز پوائنٹ پالیسی ریٹ بڑھنے سے قرضوں میں 600 ارب روپے اضافے کا انکشاف ہوا۔
ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ پالیسی ریٹ بڑھنے کے باعث ملکی قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے،جبکہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ بڑھنے سے بینک ڈپازٹس میں اضافہ ہوا،پالیسی ریٹ بڑھنے کے باعث تقریباََ 700 ارب روپے کی کرنسی سرکولیشن میں کمی ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ لوگوں نے کرنسی بینک اکاؤنٹس میں منافع حاصل کرنے کیلئے جمع کرائی،پالیسی ریٹ کو بڑھا کر مہنگائی کو کنٹرول کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔