پٹرول کی قیمت میں 38 روپے فی لیٹر کمی متوقع
اسلام آباد:روپے کی قدر میں بہتری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 38 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔عالمی مارکیٹ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پٹرول 12 اور ڈیزل 9 ڈالر فی بیرل سستا ہوا۔
عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 117 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔گذشتہ روز ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 5 فیصد سے زائد کمی سے تیل کی قیمتیں 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آ چکیں۔ برطانوی خام تیل برینٹ آئل کی قیمت کم ہوکر 85 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت کم ہوکر 83 ڈالرز فی بیرل ہو گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی عالمی معیشت کی سست روی اور کم طلب کے خدشات کی وجہ سے ہے۔ دوسری جانب اوپیک کی جانب سے بھی تیل کی پیداوار میں مزید کمی نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی باعث گزشتہ کئی روز سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان غالب ہے۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے رجحان کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے خیال ظاہر کیا کہ عالمی منڈی میں یہ رحجان جاری رہا تو پاکستان میں فی لیٹرقیمت میں واضح کمی ہو سکتی ہے۔