امریکی جامعات پر قطر کے مشکوک نوازشات کی تحقیقات شروع

دوحہ(:حال ہی میں جب امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دیئے گئے عشایے میں فخریہ انداز میں شرکت کی تو اس عشائیے میں موجود دیگر مہمانوں میں جارج ٹائون یونیورسٹی کے چیئرمین بھی موجود تھے۔ جارج ٹائون امریکا کی ان چھ جامعات میں سے ایک ہے جنہیں قطر کی طرف سے مالی مدد فراہم کی جاتی ہے اور ان جامعات کی قطر میں بھی ذیلی شاخیں موجود ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امیر قطر کی ملاقات کو زیادہ وقت نہیں گذرا مگر امریکی وزارت خزانہ نے جارج ٹائون اور دیگر تین جامعات ٹیکساس اے اینڈ ایم، کورنیل اور روٹگرز یونیورسٹیوں میں قطری فنڈنگ کی تحقیقات شروع کی ہیں

۔ امریکی مانیٹرنگ حکام کا کہنا تھا کہ امریکی جامعات کو بیرون ملک سے ملنے والے عطیات میں قطر کی طرف سے فراہم کی گئی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جامعات نے بیرون ملک سے حاصل ہونے والے فنڈز اور تحائف کے بارے میں وفاقی حکام کو مطلع نہیں کیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وفاقی حکومت کے پاس ایسی کوئی فہرست نہیں جس میں ریاستوں میں موجود تعلیمی اداروں کو بیرون ملک سے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم کے بارے میں مطلع کیا جائے۔امریکی تحقیق کاروں نے ملک بھر کی بیشتر جامعات کو ہدایت کی کہ وہ گذشتہ کچھ برسوں کے دوران بیرون ملک سے حاصل ہونے والی رقم اور عطیات کی تفصیل فراہم کریں۔ جامعات کو لکھے گئے مکتوبات میں چین اور قطر کی طرف سے فراہم کردہ عطیات کا خاص طور پر ذکر کرنے کو کہا گیا ہے۔

اس وقت امریکا اور چین کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون اور تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں جب کہ امریکا قطر کے حوالے سے بھی بہت سے تحفظات رکھتا ہے۔ ان تحفظات میں قطر کی دہشت گردی کے لیے فنڈنگ بھی شامل ہے۔ امریکی وفاقی حکام نے جامعات کو ملنے والی بیرون ملک سے امداد کی جو تفصیلات اکٹھی کی ہیں ان میں امداد دینے والے ملکوں میں قطر کا نام نمایاں ہے۔ اگرچہ قطر کا حجم اتنا بڑا نہیں مگر اس کی طرف سے امریکا کی 28 جامعات کو گذشتہ ایک عشرے کے دوران ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے عطیات دیے گئے۔ انگلینڈ کی جامعات بیرون ملک سے حاصل ہونے والی امداد میں 90 کروڑ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔یہ امربھی حیران کن ہے کہ امریکا کی28 جامعات میں سے 26 کوکل عطیات کا صرف 2 فی صد اور 6 جامعات کو 98 فی صد عطیات دیے گئے۔ ان چھ جامعات کی قطر میں ذیلی شاخیں بھی کام کر رہی ہیں۔قطر کے حکمران خاندان کے ماتحت قطر فائونڈیشن کی طرف سے ‘ورجینیا کامن ویلتھ یونیورسٹی کو 40 ملین ڈالر سالانہ امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس یونیورسٹی کا ایک کیمپس قطر کے دارالحکومت دوحا میں بھی قائم ہے۔امریکی اخبار کے مطابق امریکی وزارت تعلیم کے حکام نے جارج ٹائون یونیورسٹی اور ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹیوں کے قطر اور چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ کے ساتھ رابطوں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

امریکی حکام کو شبہ ہے کہ ہواوے اپنے جدید ترین موبائل فوج اور اسمارٹ فون کی مدد سے امریکا کی قومی سلامتی کے راز چوری کرنے کے ساتھ جاسوسی کرسکتی ہے۔امریکی وزارت تعلیم نے قطر سے مدد لینے والی جامعات کے سربراہان کو سخت الفاظ میں پیغامات بھیجے ہیں جن میں انہیں کہا گیاہے کہ وہ 30 دن کے اندر اندر قطر اور بیرون ملک سے ملنے والی امداد کی تفصیلات فراہم کریں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے