مسلم لیگ ن کا جلسے اور کنونشن منسوخ کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کا جلسے اور کنونشن منسوخ کرنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے لاہور بھر میں ورکرز کنونشنز اور جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت کی ہدایت پر کل بدھ کو گلشن راوی میں ہونے والا جلسہ، غزالی سلیم بٹ کے حلقے میں ہونے والا جلسہ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کے حلقوں میں ہونے والے جلسے اور ورکرز کنونشز منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نئی حکمت عملی کے تحت اب تمام حلقوں کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سابقہ بلدیاتی نمائندوں اور ورکرز کے اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوں گے، مریم نواز ہر اجلاس کی صدارت کریں گی، تمام اجلاسوں میں ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر کی جانب سے پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کہتے ہیں کہ پارٹی قیادت سمجھتی ہے ٹھوکر نیاز بیگ پر مسلم لیگ ن کے کامیاب جلسے کے بعد لاہور شہر میں مزید جلسوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس لیے ان جلسوں کی بجائے سارا زور مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سینئر نائب صدر ن لیگ نے لاہور کے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مرحلہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ملاقات کی، جس میں یونین کونسلز کی سطح پر 21 اکتوبر کو قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز شریف نے یونین کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز لیں، مریم نواز نے ٹھوکر نیاز بیگ میں گزشتہ روز ہونے والے بھرپور جلسے پر منتظمین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے کارکنوں، عہدیداروں اور عوام کا جذبہ نواز شریف سے محبت کا والہانہ اظہار تھا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے