ہمت نہ ہاریں، آزمائش کا یہ وقت ختم ہو جائے گا
اسلام آباد : چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جس دن بھی الیکشن ہوں گے، پاکستان کے عوام بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے نکلیں گے اور ان تمام جماعتوں کو مل کر شکست دیں گے۔عمران خان نے پاکستانی عوام کے نام پیغام اپنے خاندان کے ذریعے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں انہوں نے جیل کے حالات، عام انتخابات، سائفر کیس اور جیل میں قید کارکنوں کے حوالے سے جذبات کا اظہار کیا۔
عمران خان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ جب میں اٹک جیل میں غیر قانونی طور پر قید تھا تو شروع کے دن بہت مشکل تھے کیونکہ مجھے بستر فراہم نہیں کیا گیا تھا اور مجھے فرش پر سونا پڑا تھا،کیڑے مکوڑے اور مچھر بھی تھے۔
لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں نے خود کو جیل کے حالات کے ساتھ اچھی طرح ایڈجسٹ کر لیا۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ 5 اگست کو گرفتار کیے گئے عمران خان اور آج کے عمران خان میں بہت فرق ہے، آج کا عمران خان ذہنی اور روحانی طور پر پہلے سے کئی زیادہ مضبوط ہے۔
جیل میں رہنے کے دوران مجھے دوسری کتابوں کے ساتھ قرآن پاک کا گہرائی سے مطالعہ اور تحقیق کرنے کا موقع ملا ہے جس سے میرا ایمان مضبوط ہوا ہے۔مجھے اپنی سیاسی زندگی کے آخری چند سالوں کا خود بھی جائزہ لینے کے موقع ملا۔عمران خان نے مزید کہا کہ چاہے وہ مجھے کیسی بھی قید میں رکھیں، مجھ پر جو مرضی شرائط عائد کریں۔میں حقیقی آزادی، قانون کی حکمرانی، پاکستان کے آئین کی بالادستی کی جدوجہد اور آزاد اور منصفانہ انتخابات کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔