نوازشریف کی وطن واپسی کے پروگرام میں معمولی تبدیلی
لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے پروگرام میں معمولی تبدیلی کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم اب 21 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے جب کہ اس سے پہلے ان کی پاکستان آمد کا وقت شام 6 بجے بتایا گیا تھا لیکن شیڈول میں معمولی ردو بدل کے بعد اب نوازشریف کی وطن واپسی کا طیارہ ’امید پاکستان‘ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے متحدہ عرب امارات سے روانہ ہوگا اور دوپہر 12 بجے لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اس خصوصی طیارے میں 152 افراد سوار ہوں گے، خصوصی طیارے میں نواز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے کارکنان اور صحافی لاہور پہنچیں گے اور پارٹی قائد کے استقبال کے لیے پارٹی رہنما لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے، نواز شریف لاہور پہنچنے کے بعد پارٹی کے جلسے میں شرکت کریں گے جس کے لیے ن لیگ نے گریٹر اقبال پارک کے مقام کا انتخاب کیا ہے، جس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے 21 کتوبر کو گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔