اسرائیل حماس جنگ کا ردعمل، امریکی مالک مکان نے 6 سالہ مسلمان بچے کو قتل کردیا
شکاگو : امریکی شہر شکاگو میں ایک عمر رسیدہ شخص نے اسرائیل اور حماس کی جنگ کے ردعمل میں 6 سالہ مسلمان بچے ودیہ الفیوم کو چاقو کے پے درپے وار کرکے قتل جبکہ والدہ حنان شاہین کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شکاگوپولیس نے میڈیا کو بتایا کہ شکاگو سے تقریباً 64 کلومیٹر (40 میل) جنوب مغرب میں پلین فیلڈ ٹاؤن شپ میں ایک عمر رسیدہ شخص نے 6 سالہ فلسطینی بچے کو فوجی طرز کے چاقو سے 7 انچ (18 سینٹی میٹر) سیرٹ بلیڈ سے 26 بار وار کر کے قتل جبکہ اس کی32 سالہ والدہ کو شدید زخمی کر دیا ہے۔
زخمی خاتون کی ایمرجنسی سروس 911 پر شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 71 سالہ جوزف زوبا نامی شخص کو حراست میں لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزم زوبا گھر کے باہر زمین پر بیٹھا ہوا تھا جس کی پیشانی پر زخم تھا جبکہ مقتول اور متاثرہ خاتون اپنے بیڈ روم میں تھے۔انہوں نے کہا کہ ملزم کو پولیس سٹیشن منتقل کرنے سے پہلے علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز ( سی اے آئی آر) شکاگو کے دفتر کے سربراہ احمد ریحاب نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم نے واردات قبل کرایہ داروں کے دروازے پر دستک دی اوربچے کا گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی اور کہا کہ تم مسلمانوں کو مر جانا چاہیے اسی دوران خاتون قاتل سے اپنے بچے کو چھرانے کے دوران 911 کو کال کرنے میں کامیاب رہی ۔سی اے آئی آرنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ سیاستدانوں، میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پھیلائی جانے والی اسلامو فوبک بیان بازی اور فلسطینی مخالف نسل پرستی کو روکنا چاہیے۔