پریکٹس سیشن منسوخ، بنگلور سے کئی پاکستانی کرکٹرز سے متعلق تشویش ناک خبر
بنگلورو : پریکٹس سیشن منسوخ، بنگلور سے کئی پاکستانی کرکٹرز سے متعلق تشویش ناک خبر، بھارت میں پھیلنے والے سینے کے انفیکشن سے پاکستانی کھلاڑیوں کے بھی متاثر ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف 20 اکتوبر کو شیڈول ورلڈکپ ٹاکرے سے قبل پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کئی پاکستانی کھلاڑیوں کے بیمار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارت میں ان دنوں سینے کا ایک انفیکشن پھیلا ہوا ہے جس سے کچھ پاکستانی کھلاڑی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عبد اللہ شفیق اور زمان خان کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ طبیعت بگڑنے پر شاہین شاہ آفریدی کو ہسپتال بھجوایا گیا، جبکہ پاکستان کی مینز ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق تیز بخار میں مبتلا ہوگئے۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب مینز ان گرین بنگلورو میں 20 اکتوبر کو شیڈول ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ٹیم ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے علاوہ اسامہ میر کی بھی طبیعت بگڑی اور وہ 5 دن تک بیمار رہے۔ ٹیم کے ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق جن کھلاڑیوں میں بخار کی علامات ظاہر ہوئیں ان کا فوری معائنہ کیا گیا۔
مزید برآں، حفاظتی اقدامات کے مطابق، تمام کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا اور ڈینگی بخار سے متعلق علامات کے لیے اسکریننگ کی گئی۔ دریں اثنا، پاکستانی ٹیم نے منگل کو اپنا شیڈول ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا۔ ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ سے قبل کھلاڑیوں کو آج آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ کل سہ پہر تربیتی سیشن میں حصہ لے گا۔ پاکستان نے ایونٹ کے دوران اب تک تین میچوں میں دو جیت درج کی ہیں، لیکن اس کی واحد شکست ہفتے کے روز روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوئی۔