نواز شریف چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچ گئے

نواز شریف چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچ گئے

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔

سینیٹر اسحاق ڈار اور لیگی رہنماؤں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ نواز شریف جہاز سے باہر آکر اسٹیٹ لاؤنج پہنچ گئے۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف دبئی سے غیر ملکی ائرلائن کی خصوصی چارٹرڈ فلائٹ ایف زیڈ 4525کے ذریعے پاکستان پہنچے۔ اس پرواز کو ’امید پاکستان‘ کا نام دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم سمیت طیارے میں موجود تمام مسافروں کی امیگریشن کا عمل طیارے کے اندر ہی کیا گیا۔ نواز شریف کی اسٹیٹ لاؤنج میں اسحاق ڈار اور قانونی ٹیم سے ملاقات ہوئی۔ سابق وزیراعظم نے لیگل دستاویزات پر دستخط کردیے۔

بعد ازاں اسلام آباد سے لاہور کے لیے یہ پرواز اُڑان بھرے گی۔ خصوصی پرواز میں 194 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

نواز شریف کا طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کرے گا، جسے اولڈ ٹرمینل یا حج ٹرمینل پر لایا جائے گا، جہاں ان کا استقبال پارٹی کی سینئر قیادت کرے گی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی کے عام کارکنوں اور رہنماؤں کو ائرپورٹ کی جانب جانے سے پہلے ہی منع کردیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا وطن واپس پہنچنے پر ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امرا جانے کا امکان ہے، جہاں وہ اپنے والدین، اہلیہ اور بھائی کی قبروں پر حاضری دیں گے۔ 2 سے 3 گھنٹے جاتی امرا میں قیام کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے نواز شریف مینار پاکستان جلسے میں شرکت کے لیے پہنچیں گے۔

ممکنہ طور پر نواز شریف شام 6 بجے کے بعد جلسہ گاہ پہنچیں گے اور اس سے پہلے تک دیگر مرکزی رہنماؤں کی تقاریر مکمل ہو چکی ہوں گی۔

نواز شریف کی آمد پر 10 سے زائد منٹ تک آتشبا زی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے