اسٹاک مارکیٹ میں تیزی‘ انڈیکس نے 51 ہزار کی سطح عبور کرلی
کراچی: اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جہاں انڈیکس نے 51 ہزار کی سطح عبور کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 51 ہزار کی سطح عبور کر گیا، اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا، جہاں 100 انڈیکس 540 پوائنٹس کے اضافے سے 51 ہزار 272 پر پہنچ گیا، مئی 2017ء کے بعد 100 انڈیکس پیلی بار 51 ہزار تک پہنچا ہے، انڈیکس کی تاریخ کی بلند ترین سطح 52 ہزار 876 پوائنٹس ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے پیسے کی قدر میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے، جمعے کو کاروباری اوقات کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی، کراچی سٹاک ایکس چینج کے 100 انڈیکس میں 0.9 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 50 ہزار 670 اشعاریہ 4 کی سطح پر پہنچ گئی۔
بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کیے گئے 90 سے زیادہ عالمی ایکویٹی انڈیکسز میں رواں ماہ کراچی سٹاک ایکس چینج 10 فیصد بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، معاشی ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستانی روپے کی قدر میں حالیہ اضافہ قرض کی ثانوی مارکیٹ کا بلند ترین شرح کی جانب بڑھتا رجحان اور مہنگائی کے اعداد و شمار نئی سرمایہ کاری کو سٹاک مارکیٹ کی جانب موڑنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔