سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد
اسلام آباد : خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی۔ میڈیا رپورٹس آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، جہاں عدالت نے سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ پر فرد جرم عائد کی، تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے کیس کے گواہان کو بیانات کے لیے 27 اکتوبر کو طلب کر لیا۔
بتایا جارہا ہے کہ سائفر کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے جمع کروائے گئے چالان میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ملزم قرار دیا گیا ہے، سائفر کیس میں ایف آئی اے نے اپنے چالان میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بطور اس وقت کے وزیراعظم مجرمانہ اقدامات اور اس کے نتیجے میں خارجہ تعلقات کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر کیا، ایف آئی اے کا چالان میں کہنا ہے کہ سائفر کی غیر قانونی تحویل سے ملزمان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا، سائفر کی غیر قانونی تحویل سے ملزمان نے ملکی سلامتی کو داو پر لگایا، ملزمان کے اقدامات سے غیر ملکی قوتوں کا مفاد پورا ہوا اور پاکستان کو نقصان پہنچا، سابق وزیراعظم اور وزیر خارجہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 5 اور 9 کے تحت ملزم ہیں۔