جج ارشد ملک کے حلف نامے والا ناصر جنجوعہ کون ہے ؟ بالآخر تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد : احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو رشوت کی پیشکش کرنے والے ناصر جنجوعہ کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ 23 مئی کو نواز شریف کے ساتھ جیل میں جس کاروباری شخصیت کی ملاقات کے چرچے تھے وہ یہی تھے ۔
ناصر جنجوعہ نے 23 مئی کو کوٹ لکھپت جیل میں میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی ، جب وہ اندر گئے تو اہم لیگی رہنماﺅں کو نواز شریف کے کمرے سے باہر نکال دیا گیا ،اس موقع پر سابق سی سی پی او لاہور بھی وہاں موجود تھے اور انہیں بھی کمرے میں جانے کی اجازت نہیں ملی تھی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 20 منٹ تک کمرے کے باہرروزے کی حالت میں کھڑے رہے ، انہیں بھی اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔
ناصر جنجوعہ نے مجموعی طور پر میاں نواز شریف کے ساتھ 45 منٹ طویل ملاقات کی جس میں سے 20 منٹ ون آن ون ملاقات ہوئی اور اس کے بعد شاہد خاقان عباسی کو اندر بلایا گیا۔ اس ملاقات میں نوازشریف کو مریم نواز کے بیانات اور کیسز سے متعلق بتایا گیا اور ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی ۔
اس سے قبل بھی جب نوازشریف جیل میں تھے تو اس وقت بھی ناصر جنجوعہ نے ان سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ن لیگ کے بیانیے میں تبدیلی آئی تھی اور خاموشی بھی چھائی رہی تھی ۔
خیال رہے کہ جب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پریس کانفرنس کے دوران ناصر جنجوعہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اسے پہچاننے سے ہی انکار کردیا لیکن جب 23 مئی کو نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی تووہ شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ہی نواز شریف کے کمرے سے باہر آئے تھے۔
ناصر جنجوعہ ارب پتی کاروباری شخصیت اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے معتمد خاص ہیں جوان کے ساتھ خصوصی جہاز میں سفر کرتے رہے ہیں۔ ناصر جنجوعہ مڈجیک کنسٹرکشن کمپنی کے مالک ہیں اور اسلام آباد کی طاقتور کاروباری شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ان کا نواز شریف کے ساتھ پچھلے دو تین سال سے گہرا تعلق رہا ہے اور کئی بار سابق وزیر اعظم کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرتے تھے۔ ناصر جنجوعہ نہ صرف اسلام آباد میں بلکہ رائیونڈ میں جا کر بھی میاں نواز شریف کے ساتھ خفیہ طریقے سے اکیلے میں ملتے تھے۔
ناصر جنجوعہ کی سوشل میڈیا پر بعض تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں انہیں جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کے دوسرے کردار ناصر بٹ کے ساتھ بھی دیکھا گیا ہے۔ ان کی سابق چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری کے ساتھ تصویر بھی موجود ہے۔ ناصر جنجوعہ نے 2016 میں نواز شریف کے ساتھ عمرہ بھی کیا تھا۔
خیال رہے کہ جج ارشد ملک نے اپنے بیان حلفی میں ناصر جنجوعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ساتھ ملاقات میں ناصر جنجوعہ نے انہیں رشوت کی پیشکش کی اور کہا کہ مستقبل محفوظ بنانے کا سنہری موقع ہے،ان کے پاس 10 کروڑ یورو فوری موجودہیں جبکہ 2 کروڑ یورو کار میں رکھے ہیں۔