پاکستان مخالف فلموں پر بابر علی نے سنی دیول کو آڑے ہاتھوں لے لیا
ممبئی: پاکستان کے نامور اداکار بابر علی نے پاکستان مخالف فلمیں کرنے پر بالی وڈ اسٹار سنی دیول کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
کامیڈین نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی اداکار نے غدر اداکار کو جہاں ان کو نئی فلم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی وہیں انہیں پروپیگنڈا فلموں سے اجتناب کا مشورہ بھی دے دیا۔
بابر علی کا کا کہنا تھا کہ سنی دیول کو فلموں کا ری میک بنانے کا حق ہے لیکن انہیں پاکستان کو بدنام کرنے کا کوئی حق نہیں اور اسی وجہ سے میں ان کی عزت نہیں کرسکتا۔
اداکار نے بتایا کہ وہ سنی دیول کی اپنے سینما میں مثبت کام کرنے پر حوصلہ شکنی نہیں کریں گے لیکن یہ پاکستان کا امیج خراب کرنے کی قیمت پر نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے محب الوطنی پر مبنی متعدد فلمیں بنائی ہیں لیکن اس میں کبھی کسی ملک کی عزت کو نہیں اچھالا گیا۔
واضح رہے کہ سنی دیول نے پاکستان مخالف فلم کے تاثر پر کہا تھا کہ وہ فلم صرف تفریح کیلئے بناتے ہیں اور اس طرح کی باتیں میڈیا سنسنی پھیلانے کیلئے بناتا ہے۔