ترک صدر کی حماس کی کھل کر حمایت؛ اسرائیل کا دورہ منسوخ کردیا
انقرہ: صدر طیب اردوان نے اسرائیل کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک صیہونی ریاست کی مقروض ہوسکتی ہیں لیکن ترکیہ تمھارا مقروض نہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردوان نے اپنی جماعت کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مغرب حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم کہہ رہا ہے لیکن میرے نزدیک یہ جنگجو نہیں بلکہ مجاہدین ہیں جو اپنی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔
صدر طیب اردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ کو اسرائیلی ریاست سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمارے ان سے تعلقات ہیں لیکن اسرائیل کے غزہ پر مظالم کو ہم نے کبھی بھی قبول نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔
ترک صدر نے کہا کہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں میں نصف تعداد بچوں کی ہے جس سے اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جانتے بوجھتے جرائم کا صاف ظاہر ہوتا ہے۔
طیب اردوان نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا اسرائیل کی مقروض ہوسکتی ہے لیکن ترکیہ نہیں۔ میرا اسرائیل کا دورہ طے تھا لیکن اس جارحیت اور بربریت کو دیکھتے ہوئے دورہ منسوخ کررہا ہوں۔
صدر اردوان نے مزید کہا کہ مردہ ضمیروں سے بھری دنیا میں ترکیہ بحیثیت ایک ملک اور قوم کے سچ کا ساتھ دیتے رہیں گے اور اس مقصد کے حاصل کرنے کے لیے تمام سیاسی، سفارتی اور اگر ضرورت پڑی تو فوجی ذرائع بھی استعمال کریں گے۔