اسموگ بڑھی تو سکولوں میں بدھ کی چھٹی دینے کی تجویز بھی موجود ہے
لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسموگ بڑھی تو سکولوں میں بدھ کی چھٹی دینے کی تجویز بھی موجود ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ ابھی کنٹرول میں ہے،ابھی اس لیول پر نہیں جس لیول پر پچھلے سال تھی، اگر اسموگ بڑھی تو اس کو بھی کنٹرول کرنا ہے، اسموگ بڑھی تو بدھ کی چھٹی کی تجویز بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے چار ماہ کا بجٹ دیا تھا وہ چار ماہ کا بجٹ ختم ہوچکا ہے، قانونی ٹیم سے بات کرکے 30اکتوبر کو آئندہ 4ماہ کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے، یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کسانوں سے اپیل ہے کہ وہ مقررہ قیمت سے کم پر کپاس فروخت نہ کریں، حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے۔ مزید برآں نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ آفس کا دورہ کیا اور فارن فنڈڈ پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاریخ میں پہلی بار فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی مشترکہ جائزہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین، ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی اور دیگر ڈونرز اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔