غزہ پراسرائیلی حملوں میں تیزی ، حماس کا ’شدید لڑائی‘ لڑنے کا دعویٰ
غزہ : غزہ میں نہتے شہریوں پر اسرائیلی افواج کی جانب سے بمباری میں تیزی آگئی ہے جبکہ حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔
انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبات، عالمی سطح پر غم و غصہ اور غزہ میں یرغمالیوں کو لاحق ممکنہ خطرے کے باوجود، اسرائیل نے حماس کے خلاف جنگ کو مزید بڑھا دیا ہے۔
نہتے شہریوں پر اسرائیلی زمینی ، فضائی اور بحری محاذ پرمسلسل حملے جاری ہیں ، اندھادھند بمباری کے باعث ہر طرف تباہی ہے، رہائشی عمارتیں ، سکول ، ہسپتال اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی ، مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے، اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے قریب بم برسا دیے، القدس ہسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔