لاہور ہائیکورٹ کا سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم
لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے کمشنر لاہور کو شہر بھر میں سموگ ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو تاحکم ثانی سیل کیا جائے، عدالت نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی بند کریں اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے کمشنر لاہور سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ اس شہر کے مالک ہیں، آپ کمشنر ہیں، آپ نے شہر کی کیا حالت کر دی ہے؟ آپ کو شہر کی صورتحال دیکھ کر شرمندگی ہونی چاہیئے، سموگ پورے پنجاب میں ہے اور لاہور میں انڈر پاسز پر ٹائلوں کا کام شروع کر دیا گیا ہے، ہائیکورٹ نے انڈر پاسز کی مرمت کا کام دن کے وقت کرنے سے روکتے ہوئے انڈر پاسز کی مرمت کا کام رات 12 بجے کے بعد شروع کرنے کا حکم دیدیا۔