پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب تقریباً تمام ہوا
بنگلورو : پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب تقریباً تمام ہوا ، بنگلور میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی عملی طور پر یقینی بنا لی۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور میں حاصل کر لیا، یوں کیویز کو ناصرف اہم ترین فتح حاصل ہو گئی، ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کا رن ریٹ بھی بہت زیادہ بہتر ہو گیا۔
ڈیون کونوے نے 45، راچن رویندرا نے 42 اور ڈیرل مچل نے43 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی، جبکہ سری لنکا کی جانب سے میتھیوز 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ سری لنکا کیخلاف فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 10 پوائنٹس اور 0 عشاریہ 7 کے بہترین نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے، جبکہ 8 پوائنٹس اور عشاریہ 04 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ کو یا 287 رنز سے شکست دینا ہو گی، یا انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا ہدف محض 16 گیندوں پر حاصل کرنا ہو گا، بصورت دیگر پاکستان کا رواں ورلڈکپ میں سفر تمام ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے 41ویں میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کیوی کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی سری لنکن ٹیم کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر پاتھم نسانکا 2، کپتان کوشل مینڈس 6 جبکہ سدیرا سمارا وکرما محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
اینجلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب اینجلو میتھیوز 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کرونا رتنے 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دشمانتھا پریرا 32ویں اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 10ویں وکٹ کی شراکت میں مہیش تھیکشنا اور دلشان مدھوشانکا نے 43 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مدھوشانکا وکٹ گنوا بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، مچل سینٹنر، راچن رویندرا اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز ہیں اس وجہ سے پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے میں کامیابی سمیٹ کر چیمپئیز ٹرافی کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں۔
دونوں ٹیموں نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ایش سودھی جبکہ سری لنکا نے کسن راجیتھا کی جگہ چمیرا کو پلئینگ الیون میں موقع دیا۔ سری لنکا کا اسکواڈ کپتان کوشل مینڈس، ڈیموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دشن ہیمنتھا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، چمیکا کرونارتنے اور دلشان مدھوشانکا پر مشتمل تھا جب کہ نیوزی لینڈ کا اسکواڈ کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل تھا۔