اگلا شخص کیا سوچ رہا ہے؟ آپ کیسے معلوم کرسکتے ہیں؟جانیئے
سئیول: چہرے کے تاثرات اور آنکھوں سے دوسرے کے سوچ کا اندازہ لگانا بھی ایک فن ہے، کوریا میں ایک ایسا علم پایا جاتا ہے جس کے ذریعے وہ لوگ بہت حد تک یہ معلوم کر لیتے ہیں کہ ان کے سامنے کھڑا آدمی کیا سوچ رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس منفرد نوعیت کے علم کے بارے میں معروف مصنف ایونی ہانگ نے اپنی نئی کتاب ’دی پاور آف نن شی۔ دی کورین سیکرٹ ٹو ہیپی نیس اینڈ سکسیس‘ میں بتایا ہے۔
ایونی ہانگ لکھتے ہیں کہ اس علم کا نام ’نن شی‘ (Nunchi)ہے جس کے معنی’ آنکھوں سے ناپنا‘کے ہیں۔ یہی علم کورین لوگوں کی خوشی اور کامیابی کاراز ہے۔ کوریا کے لوگ اس علم کے ذریعے دوسرے شخص کے خیالات اور احساسات کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کا مقصد دوسرے شخص کے ساتھ اعتماد، ہم آہنگی اور ربط پیدا کرنا ہوتا ہے۔ ہزاروں سال سے کوریا کے لوگ اپنے بچوں کو یہ علم لازمی طور پر سکھاتے ہیں۔ ان کے خیال میں یہ اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ اپنے بچوں کو سڑک عبور کرنے کا طریقہ سکھانا۔
اس علم کی ماہر 34سالہ ڈاکٹر صوفی نیلینڈ کا کہنا ہے کہ ”کوئی بھی شخص یہ علم سیکھ سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو اپنی آنکھوں اور کانوں کا استعمال کرنا ہوتا ہے۔ اس کو سیکھنے کے لیے سب سے پہلے یہ بات ضرور ی ہے کہ کسی بھی صورتحال میں بولنے یا عمل کرنے سے پہلے آپ اس صورتحال کو سمجھنے اور پرکھنے کے لیے رضامند ہوں۔کوریا کے لوگ باقی دنیا کی نسبت براہ راست کم ہوتے ہیں اوربولنے کی بجائے جسمانی اشاروں پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔یہ علم راتوں رات نہیں آتا تاہم اگر آپ سیکھنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اس شخص پر پوری توجہ مرکوز کرنا شروع کریں جس سے آپ بات کر رہے ہوں۔ اس دوران اپنے لاشعور کا استعمال کریں، جس کا استعمال اکثر لوگ ترک کر چکے ہیں۔ اس علم میں دوسرے کی باڈی لینگوئج سمجھنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔ جب آپ کسی سے مل کر گھر واپس آئیں تو اس ملاقات کے متعلق بغور سوچیں۔ اس شخص کے چہرے کے تاثرات، باڈی لینگوئج اور دیگر چیزوں کو سمجھنے کی کوشش کریں اور اس ملاقات میں خود اپنے روئیے پر بھی غور کریں۔ اس مشق سے آپ آہستہ آہستہ لوگوں کی سوچ کا اندازہ لگانے کے قابل ہوتے چلے جائیں گے۔“