لاہور میں 12 اسموگ کنٹرول ٹاور لگانے کا فیصلہ
لاہور : لاہور میں 12 اسموگ کنٹرول ٹاور لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسموگ سے نمٹنا قومی ذمہ داری ہے،ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ پنجاب حکومت سموگ سے نمٹنے کے لئے ہر وہ اقدام اٹھا رہی ہے جو انسانی بس میں ممکن ہے۔لاہور میں 12مقامات پر سموگ ائیر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے۔
سموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مصنوعی بار ش برسانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں۔ 30دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی او رپھر غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔
سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جارہی ہے،اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔
پنجاب میں پہلی بار انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی۔ لاہور سمیت تمام ا ضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کر دیا ہے۔ محکمہ پولیس اور ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم دے دیاہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم جلد لاہور کا دورہ کرے گی۔