ملک کا وہ شہر جہاں روٹی کی قیمت 50 روپے مقرر کر دی گئی
کوئٹہ : ملک کا وہ شہر جہاں روٹی کی قیمت 50 روپے مقرر کر دی گئی، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں روٹی کی نئی قیمتیں مقرر کیے جانے کے بعد تندور ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور تندور ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کے درمیان روٹی کے وزن اور نرخوں کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ۔
کامیاب مذاکرات کے بعد تندور ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کل سے شہر کے تمام تندور معمول کے مطابق کھولنے کی یقین دہانی کرا دی۔ بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں 165 گرام وزنی پیڑے سے تیار ہونے والی روٹی کا ریٹ 25 روپے اور 330 گرام وزنی پیڑے سے تیار ہونے والی روٹی کا نرخ 50 روپے مقرر کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں میں آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
دس کلو چکی کے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1350روپے سے بڑھ کر 1470 ہو گئی ہے۔ چکی مالکان کے مطابق سو کلو گندم کی بوری تین ہزار روپے مہنگی کر دی گئی ہے، پہلے قیمت 8500 روپے تھی جو اب بڑھ کر 11500 کر دی گئی ہے۔ چکی مالکان کا کہنا تھا کہ سو کلو گندم اوپن مارکیٹ میں 12000 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ جبکہ پنجاب میں بھی پنجاب کے کئی شہروں میں آٹے کی قیمت کو پھر سے پر لگ گئے ہیں۔