گزشتہ دور میں تباہی پھیر دی گئی‘ نوازشریف
مری: مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دور میں تباہی پھیر دی گئی‘ ملک کو اس صورتحال میں کس نے پہنچایا۔ مری میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کے بعد خطاب میں انہوں نے کہا کہ پچاس سال سے سن رہا تھا کہ تھر میں کوئلہ پڑا ہوا ہے، ان کانوں پر کس کی نظر نہیں گئی وہ کام بھی میں نے کیا اور ہم نے کوئلے سے بجلی پیدا کی، میں جھوٹ نہیں بولتا، سیاست کیلئے جھوٹ بولنا کون سی اچھی بات ہے، اس لیے جھوٹ بول کر عوام سے ووٹ نہیں مانگوں گا، سیاست کیلئے جھوٹ بولنے سے کچھ نہیں ملتا، جھوٹ بولنے سے حکومت مل سکتی ہے، اللہ کو کیا جواب دیں گے؟ قوم کو دھوکہ دینے سے اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرے گا۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے چھوڑے ہوئے منصوبے ہم نے مکمل کیے، 11ہزارمیگاواٹ بجلی ہم نے سسٹم میں شامل کی، ہم نے کوئلے کی کانوں سب سے پہلے کوئلہ نکالنا شروع کیا تھا، امریکہ کی طرف سے 5 ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرائی اورایٹمی دھماکے کیے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھ کو فارغ کردیا گیا بتائیں کس ملک میں ایسا ہوتا ہے؟ آپ سب کو پتا ہے کہ میں سیاست کے لیے جھوٹ نہیں بولتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 2 بھارتی وزیراعظم پاکستان آئے، نوازشریف کے دور میں سبزیاں 10روپے کلو اور روٹی 2 روپے میں ملتی تھی، میرے دور میں لوگ خوشی سےبجلی اور گیس کے بل ادا کرتے تھے، اپنے دور میں آئی ایم ایف کو گڈ بائے کہہ دیا تھا، اب غریب کے گھر کا چولہا مہنگائی کی وجہ سے بجھا ہوا ہے، سوچیں ملک کی یہ حالت کس نے کی ہے؟ سابق دور نے پاکستان کے کلچر کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، مجھے اور مریم کو جیل میں رکھ کر الیکشنوں میں دھاندلی کی گئی، اس ہنستے بستے ملک کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے اجاڑا ہے، اس دور میں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونا چاہیئے تھا، میں یہ باتیں حکومت ملنے کے لالچ میں نہیں کررہا۔