بلاول کی تنقید کے بعد ن لیگ کا پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے بلاول بھٹو زرداری کی تنقید کے بعد پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن لیگ کی جانب سے سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور ورکرز کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیاری، کیماڑی، ملیر، کورنگی، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپورخاص اور لاڑکانہ میں بھی ورکرز کنونشن اور عوامی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، سندھ میں مسلم لیگ ن کا پہلا ورکرز کنونشن 15 دسمبر کو حیدرآباد میں ہوگا جہاں بشیر میمن، شاہ محمد شاہ اور محمد زبیر سمیت دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء کھیئل داس کوہستانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں ن لیگ باضابطہ طور پر انتخابی مہم شروع کرنے جا رہی ہے، 20 سے 25 دسمبر تک قائداعظم، کرسمس اور پارٹی قائد نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت کی ہدایت پر سندھ میں بھرپور انتخابی مہم شروع کر رہے ہیں، صوبے کے عوام نواز شریف کی ترقی کے وژن کے ساتھ ہیں، 2024ء کے انتخابی نتائج ثابت کریں گے کہ نظریہ نواز شریف پورے ملک میں مقبول ہے جب کہ بشیر میمن کے آنے سے سندھ میں ن لیگ مزید متحرک ہوچکی ہے۔