ڈی آئی خان میں خودکش حملہ، 3 سکیورٹی اہلکار شہید‘ 16 زخمی ہوگئے
ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خودکش حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید اور 16 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں درابن سکول میں رہائش پذیر سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے رات 3 بجےحملہ کیا اور خود کش گاڑی سکول کی عمارت سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں عمارت گرگئی اور خود کش حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید و 16 زخمی ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ درابن سکول میں فورسز کے جوان رہائش پذیر تھے، دھماکے کے بعد دہشت گرد عمارت میں گھس گئے، اسی دوران دہشت گردوں نے سکول کے ساتھ واقع تھانہ درابن پر بھی حملہ کیا جہاں پولیس اور فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ دہست گردی کے اس واقعے کے بعد درابن میں آج تمام بازار اور مارکیٹیں بند کردی گئی ہیں، تحصیل درابن میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز بھی تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ ایسا ہی ایک واقعہ دو روز قبل صوبہ بلوچستان کے علاقہ خضدار میں پیش آیا جہاں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے، پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکہ خضدار کے ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی پر ہوا، جس میں پولیس افسر مراد جاموٹ شہید ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔