شہباز شریف کا کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ
کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے دوسو بیالیس سے شہباز شریف کا فارم وصول کرلیا گیا ۔ این اے 242 کے لیے شہباز شریف کا فارم صالحین تنولی نے وصول کیا۔ صالحین تنولی فارم لیکر آج ہی لاہور روانہ ہوں گے۔صالحین تنولی کا کہنا ہے کہ کل شہباز شریف کا فارم این اے دو سو بیالیس جمع کرادیں گے۔
دو روز قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کے کراچی سے انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیا تھا۔بتایا گیا کہ شہباز شریف کراچی سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے انتخاب میں حصہ لیں گے ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ کراچی والے تیاری کریں، شہباز شریف آپ کے پاس آ رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کراچی کے تنظیمی عہدیداروں کو شہباز شریف کی انتخابی مہم ترتیب دینے کی ہدایت کر دی۔
پارلیمانی بورڈ میں کراچی سے امیدواروں کے انٹر ویوز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ کچھ دوست ہوائی جہاز سے آئے ہوں گے کچھ بذریعہ موٹر وے سے آئے ہوں گے ، پہلے تو سڑکوں پر آنا مشکل کام تھا ،آج کل جگہ جگہ موٹر ویز ملتی ہیں ،دس دس گھنٹے کا پانچ گھنٹے کم ہو گیا ہے ، ہم نے اگر پشاور سے سکھر تک موٹر وے بنا دی تھی تو سکھر سے حیدر آباد آگے کیوں نہیں بنائی ، میرا پچھلی حکومت سے یہ سوال جسے 2018میں آرٹی ایس بند کر ا کے لایا گیا تھا ، وہ حکومت ایک موٹر وے نہیں بنا سکی ، یہ تو ہمارے منصوبے میں شامل تھا ،اگر ہماری حکومت نہ توڑی جاتی 2020میں موٹر وے تیار ہو جاتی ،آپ کو کس چیز نے سے روکا ۔