سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز مندی‘ 59 ہزار کی سطح بھی برقرار نہ رہی
کراچی : سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان جاری ہے جہاں 59 ہزار کی سطح بھی برقرار نہ رہ سکی۔ تفصیلات کے مطابق سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مندی پر آغاز ہوا جہاں 100 انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہو گئی اور اس کے باعث 100 انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی برقرار نہ رکھ سکا، 100 انڈیکس 58 ہزار 882 پوائنٹس کی حد پر نیچے آگیا جب کہ گزشتہ روز انڈیکس شدید مندی کے بعد 59 ہزار کی حد پر بند ہوا تھا ادھر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 24 پیسے کی کمی ہونے کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 282 روپے 13 پیسے پر آ گیا جب کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 282 روپے 37 پیسے پر بند ہوا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ مجموعی طور پر سٹاک ایکسچینج کے لیے 2023ء کا سال سرمایہ کاروں کیلئے بہترین رہا، ٹاپ لائن سکیورٹیز کے مطابق 2023ء میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں نے 53 فیصد منافع کمایا جب کہ روشن ڈیجیٹل ڈالرسرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 33 فیصد منافع ہوا، رواں برس ڈالر میں سرمایہ کاری سے رواں سال 21 فیصد اور سونے میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے 18 فیصد نفع کمایا۔