سردی کی شدت میں اضافہ‘ پنجاب حکومت کا چھٹیاں بڑھانے پر غور
لاہور : پنجاب حکومت نے صوبے میں موسم سرما کی شدت میں اضافے کے پیش نظر تعطیلات کا دورانیہ بڑھانے پر غور شروع کردیا، موجودہ شیڈول کے تحت چھٹیاں یکم جنوری تک ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے چھٹیوں میں ایک ہفتے تک اضافے پر غور کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات سے آئندہ 15 سے 20 دن کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے کیوں کہ سردی کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے والدین نے بھی تعطیلات میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے اگلے ایک سے دو روز میں فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ بلوچستان میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے جہاں ملک کے دیگرحصوں خاص کر پنجاب، سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو ملنے والی موسم سرما کی 2 ہفتوں کی تعطیلات کے برعکس بلوچستان کے بیشتر علاقوں کے تعلیمی ادارے ڈھائی ماہ کیلئے بند رہیں گے۔