سیاسی انتقام کی جو تاریخ پی ٹی آئی نے رقم کی اس کی مثال نہیں ملتی
اسلام آباد :سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شاہ محمود قریشی سے پولیس سلوک پر کہنا تھا قانون پر عمل ہونا چاہیئے، اسحاق ڈار نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور ہم نے اکٹھے سیاست کی ہے، لیکن پی ٹی آئی کی تاریخ کوئی اتنی اچھی نہیں، اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی انتقام کی جو تاریخ پی ٹی آئی نے رقم کی اس کی مثال نہیں ملتی۔
اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ پولیس کی بد سلوکی کی مذمت کی ہے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت کے حوالے سے بڑا دکھ اور بڑا قرب ہے۔ہم ایک سنجیدہ میچور اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی بڑی شخصیت سے محروم ہو گئے اور اس کے اثرات ہم نے بھگتے، ہم کئی سال سے اس طرح کے حالاتِ حاضرہ میں گرفتار ہیں۔
سینٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ جو ہوا کسی مہذب جمہوری ملک میں اس طرح کے مناظر نہیں ہونے چاہیے۔اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے شاہ محمود قریشی سے پولیس کی بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی سمیت کسی بھی سیاستدان کے ساتھ ایسا برتاؤ قابلِ افسوس ہے۔