کسی رہنماءکو ناراض نہیں کیا جائیگا،نواز شریف
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہاہے کہ کسی بھی رہنما کو ناراض نہیں کیا جائے گا، پارٹی کیلئے سب کی قربانی ہے، سب کو موقع دیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت جاتی امراءمیں ایک اہم اجلاس بلایا گیا جس میں شہباز شریف، مریم نواز، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سمیت دیگر ن لیگی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔
اجلاس میں عام انتخابات کیلئے پنجاب بھر سے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں پر حتمی مشاورت کی گئی ۔ اجلاس کے دوران قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے شیخ روحیل اصغر کو طلب کیا۔ سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے جاتی امراءمیں نواز شریف سے ملاقات کی جس میں نواز شریف نے ایاز صادق اور شیخ روحیل اصغر کے آپس کے گلے شکوے دور کروادئیے ۔
یہ بھی بتایاگیاہے کہ ن لیگی دونوں رہنماﺅں کے درمیان اختلافات ختم کروانے میں سعد رفیق نے اہم کردار ادا کیاہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ نواز شریف میرے قائد ہیں ان سے ملاقات اچھی رہی، قائد نواز شریف جو فیصلہ کرینگے وہ مجھے قبول ہوگا۔واضح رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 121 پرن لیگی رہنماءسردار ایاز صادق اور شیخ روحیل اصغر کے اختلافات چلے آرہے تھے اور دونوں رہنماءاس حلقے سے الیکشن لڑنے پر بضد تھے ۔