ن لیگ کا لاہور سے قومی صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان

ن لیگ کا لاہور سے قومی صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات میں لاہور سے اپنے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کر دیا، لاہور سے قومی اسمبلی کی چودہ میں سے 2 نشستوں پر استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت مسلم لیگ ن نے اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے۔

مسلم لیگ ن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ 130 سے الیکشن لڑیں گے، شہباز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں 158 اور 164 سے الیکشن میں حصہ لیں گے، مریم نواز این اے 119 اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 159 سے الیکشن لڑیں گی، حمزہ شہباز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 سے امیدوار ہوں گے۔

پارٹی کے چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار کی جاری کردہ فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 117 سے کسی لیگی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 سے حمزہ شہباز الیکشن میں حصہ لیں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے مریم نواز لیگی امیدوار نامزد کی گئی ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے سردار ایاز صادق مسلم لیگ ن کی ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 سے شیخ روحیل اصغر لیگی امیدوار نامزد ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے خواجہ سعد رفیق مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر الیکشن لڑینگے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 سے شہباز شریف لیگی امیدوار ہوں گے تو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 سے ملک مبشر اقبال لیگی امیدوار ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے افضل کھوکھر اور حلقہ این اے 126 سے ملک سیف الملوک کھوکھر جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 سے عطاء اللہ تارڑ لیگی امیدوار نامزد ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے حافظ میاں نعمان لیگی امیدوار نامزد کئے گئے ہیں جبکہ قائد نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 117 اور این اے 128 سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ان دونوں نشستوں پر آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بالترتیب علیم خان اور عون چوہدری ممکنہ مشترکہ امیدوار ہو سکتے ہیں۔

لاہور کے تیس صوبائی حلقوں میں سے انتیس پر لیگی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ایک نشست پر آئی پی پی کے علیم خان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

فہرست کے مطابق لاہور کے حلقہ پی پی 145 سے سمیع اللہ خان، پی پی 146 سے سابقہ ایم پی اے غزالی سلیم بٹ، پی پی 147 سے سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز، پی پی 148 سے میاں مجتبی شجاع الرحمان مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔ پی پی 149 سے فی الحال کسی لیگی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت اس حلقہ پی پی 149 سے علیم خان امیدوار ہو سکتے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 سے خواجہ عمران نذیر اور حلقہ پی پی 151 سے سہیل شوکت بٹ، پی پی 152 سے ملک محمد وحید، پی پی 153 سے خواجہ سلمان رفیق، پی پی 154 سے ملک حبیب اعوان، پی پی 155سے نعیم شہزاد، پی پی 156 سے محمد یاسین عامر، پی پی 157 سے میاں نصیر جبکہ پی پی 158 مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف انتخاب لڑیں گے اور پی پی 159 سے مریم نواز انتخابی میدان میں اتریں گی۔

ملک اسد کھوکھر پی پی 160 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نامزد کئے گئے ہیں جبکہ پی پی 161 سے عمر سہیل بٹ، پی پی 162 سے شہباز علی کھوکھر، پی پی 163 سے میاں عمران جاوید اور پی پی 164 سے پارٹی صدر شہباز شریف خود میدان میں اتریں گے۔

پی پی 165 سے شہزاد نذیر، پی پی 166 سے محمد انس محمود، پی پی 167 سے عرفان شفیع کھوکھر، پی پی 168 سے فیصل کھوکھر، پی پی 169 سے ملک خالد پرویز کھوکھر، پی پی 170 سے رانا احسن شرافت، پی پی 171 سے مہر اشتیاق احمد، پی پی 172 سے رانا مشہود احمد خان، پی پی 173 سے میاں مرغوب اور پی پی 174 سے بلال یاسین کو لیگی ٹکٹ مل گیا اور وہ پارٹی کے انتخابی نشان شیر پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان لاہور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت آئی پی پی کو لاہور سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست مل گئی۔ این اے 117 سے عبدالعلیم خاں اور این اے 128 سے عون چوہدری عقاب کے نشان سے انتخاب لڑیں گے۔

عبدالعلیم خاں مریم نواز کے ذیلی حلقے پی پی 149 سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے اس لئے مسلم لیگ ن پی پی 149 سے علیم خان کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی حالانکہ پی پی 149 سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے چوہدری شہباز مضبوط امیدوار تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں شریف خاندان کو 5 اور کھوکھر خاندان کو 4 پارٹی ٹکٹیں مل گئی ہیں۔ شریف خاندان سے نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور بلال یاسین انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں جبکہ کھوکھر خاندان سے افضل کھوکھر، سیف الملوک کھوکھر، فیصل سیف کھوکھر اورعرفان شفیع کھوکھر کو مسلم لیگ ن کی ٹکٹیں دے دی گئیں۔ اسی طرح خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق بھی انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے لاہور سے قومی و صوبائی حلقوں کی ٹکٹوں کا اعلان کے بعد کئی لیگی متوالے ٹکٹ نہ ملنے پر قیادت سے ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ نہیں ملے ان میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے وحید عالم، سابق ایم این اے ملک ریاض، خواجہ احمد احسان، سید توصیف شاہ، سابق ایم پی اے ماجد ظہور، شیخ روحیل اصغر کے بیٹے خرم روحیل، سابق ایم پی اے مرزا جاوید، میاں سلیم، سابق ایم پی اے رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہباز، اختر باؤ کو بھی ٹکٹ نہیں ملا۔

مسلم لیگ ن کے جن رہنماؤں کو ٹکٹ نہیں ملا انہوں نے الیکشن لڑنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے