انتقام نواز شریف نہیں بلکہ قدرت لے رہی ہے،مریم نواز

انتقام نواز شریف نہیں بلکہ قدرت لے رہی ہے،مریم نواز

اوکاڑہ: پاکستان مسلم لیگ ن سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزمریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک ظالم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے۔ انتقام نواز شریف نہیں بلکہ قدرت لے رہی ہے۔ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے۔ اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازکا مزید کہنا تھا کہ شور مچایا جا رہا ہے کہ ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا ہے ۔
تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہئے تھی جو چوری کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرت کی عدالت نے پاکستان اور نواز شریف پر ہونے والے ظلم کا ازخود نوٹس لے لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح یہ بزدل دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگے ہیں، استعفیٰ پر استعفیٰ آ رہا ہے، اوکاڑہ کے غیور عوام کے سامنے کچھ باتیں رکھنے آئی ہوں، دیکھ رہے ہو نا کہ قدرت کی لاٹھی کس طرح اپنا اثر دکھا رہی ہے۔
دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے طاقت کے بل بوتے پر فرعون بننے والے اپنی باری پرمنہ چھپا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں ۔ لوگوں کو چور کہنے والے نے اپنی باری پر گھڑی بھی نہ چھوڑی ۔ عوام نے نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کا سوموٹو نوٹس لے لیا ہے، اب سمجھ آئی مشکل وقت کا سامنا کرتے ہوئے کیوں منہ چھپانا پڑتا ہے ، اس لئے کہ کہیں چوری پکڑی نہ جائے۔
مریم نوازنے اپنے خطاب کے آغاز پر عوام کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے خوشی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے انہیں یہ پیغام دینے کی ہدایت کی ہے کہ وہ اوکاڑہ سے پیار کرتے ہیں اور اوکاڑہ والوں نے بھی ان کے ساتھ ہمیشہ وفا نبھائی ہے۔ اوکاڑہ والوں کو خراب سیاسی موسم میں بھی ن لیگ کا ساتھ نہ چھوڑنے پر سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں یہ جلسہ بتا رہا ہے کہ 8 فروری کو شیر اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا ۔
لاہور سے نکلتے ہوئے سوچ رہی تھی سردی اور دھند ہے گھروں سے نکل کر کون آئیگا لیکن یہاں تو عوام کا جم غفیر ہے، اوکاڑہ کے لوگوں نے مجھے زندگی بھرکیلئے خرید لیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ٹانگ پر پلاستر چڑھانے سے لے کر وہیل چیئر تک کی کہانی، منہ پر کالا ڈبہ اور کالی بالٹی چڑھانے کی کہانی، عدالتی احاطوں سے جوتی چھوڑ کر دوڑ لگانے کی کہانی اور اس کے مناظرآپ لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے ۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے