فتنے نے قوم کو صرف ایک سبق دیا کہ ماروگھسیٹوآگ لگادو، مریم نواز
نارووال: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں شر پھیلانے کے لیے لائے گئے فتنے نے قوم کو صرف ایک ہی سبق دیا کہ مارو گھسیٹو اور آگ لگادو۔
انتخابات کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے چاروں جانب عوام ہی عوام دکھائی دہے رہے ہیں۔ اتنا بڑا جلسہ ہے کہ اسٹیڈیم سے بھی باہر جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری بدقسمتی ہے کہ کبھی نارووال نہیں آ سکی ، مگر آج یہاں آ کر خوشی کی کوئی حد نہیں ہے۔ آج جانا کہ مجھے نارووال، شکر گڑھ اور ظفر وال کیوں بلایا جا رہا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے گھروں کو چلے گئے اور آج میدان میں صرف اور صرف ایک لیڈر شیروں کی طرح کھڑا ہے، اس کا نام محمد نواز شریف ہے۔ جتنی سازشیں کیں، جتنا انتقام لیا، جتنا ظلم کیا، ایک ایک کرکے سب اپنے اپنے انجام کو پہنچے، آج ٹی وی پر دیکھتے ہوں گے نواز شریف کو اللہ نے دوبارہ عزت دے دی۔ یہ مکانافات عمل کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، کون سا ایسا جھوٹا الزام ہے جو نواز شریف پر نہیں لگایا گیا۔ رہنماؤں پر نہیں لگایا گیا، بیٹی اور بہن پر نہیں لگایا گیا اور ان سب کے باوجود آج اللہ کے فضل سے سب سرخرو ہوئے۔ یہ سب جھوٹے الزام لگاتے تھے، جو آج خود ان پر سچ ثابت ہو رہے ہیں۔ کل عمران خان کو 10 سال سزا ہوئی قومی راز افشا کرنے پر، قومی سلامتی سے کھیلنے پر، آج اس کی بیوی کو سزا ہو گئی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ یہ لوگوں کو چور چور کہتے رہے، اللہ نے ان سب لوگوں کو سرخرو کردیا اور یہ پورے خاندان سمیت چور ثابت ہوا ہے۔ میں اس کی بیوی کی گرفتاری پہ خوش نہیں ہوں، میں کسی کی تکلیف پہ خوشی نہیں مناتی لیکن ایک نظام آسمان سے بھی چلتا ہے۔ مجھ پر کوئی چوری کا الزام نہیں تھا، میں بھی کسی بیٹی او ربیٹی اور ماں تھی ، سزا صرف اس لیے ملی کہ باپ کا ساتھ کیوں دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی پر یہ الزام نہیں تھا، بشریٰ بی بی کے اوپر توشہ خانہ سے ہیرے جواہرات، ہیروں کے سیٹ، گھڑیاں لے کر چوری کرکے بیچنے کا الزام تھا جو آج ثابت بھی ہوگیا۔ جو آج ٹی وی پر بیٹھ کر کہہ رہے ہیں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، وہ بتائیں کیوں نہیں ہوناچاہیے تھا؟۔ اگر کوئی وزیراعظم چوری کرتا ہے اور اگر کوئی وزیراعظم کی بیوی چوری کرتی ہے تو کیا اس لیے اس کو چھوٹ دی جائے او رقانون حرکت میں نہ آئے کہ وہ وزیراعظم ہے یا وزیراعظم کی بیوی ہے؟